SURAH ABASA 080_001_042

تیوری چڑھائی اور منہ پھیرا۱
اس پر کہ اس کے پاس وہ نابینا حاضر ہوا۲
اور تمہیں کیا معلوم شاید وہ ستھرا ہو۳
یا نصیحت لے تو اسے نصیحت فائدہ دے۴
وہ جو بے پرواہ بنتا ہے۵
تم اس کے تو پیچھے پڑتے ہو۶
اور تمہارا کچھ زیاں نہیں اس میں کہ وہ ستھرا نہ ہو۷
اور وہ جو تمہارے حضور ملکتا (ناز سے دوڑتا ہوا) آتا۸
اور وہ ڈر رہا ہے۹
تو اسے چھوڑ کر اور طرف مشغول ہوتے ہو۱۰
یوں نہیں یہ تو سمجھانا ہے۱۱
تو جو چاہے اسے یا د کرے۱۲
ان صحیفوں میں کہ عزت والے ہیں۱۳
بلندی والے پاکی والے۱۴
ایسوں کے ہاتھ لکھے ہوئے۱۵
جو کرم والے نکوئی والے۱۶
آدمی مارا جائیو کیا ناشکر ہے۱۷
اسے کاہے سے بنایا۱۸
پانی کی بوند سے اسے پیدا فرمایا، پھر اسے طرح طرح کے اندازوں پر رکھا۱۹
پھر اسے راستہ آسان کیا۲۰
پھر اسے موت دی پھر قبر میں رکھوایا۲۱
پھر جب چاہا اسے باہر نکالا۲۲
کوئی نہیں، اس نے اب تک پورا نہ کیا جو اسے حکم ہوا تھا۲۳
تو آدمی کو چاہیے اپنے کھانوں کو دیکھے۲۴
کہ ہم نے اچھی طرح پانی ڈالا۲۵
پھر زمین کو خوب چیرا۲۶
تو اس میں اُگایا اناج۲۷
اور انگور اور چارہ۲۸
اور زیتون اور کھجور۲۹
اور گھنے باغیچے۳۰
اور میوے اور دُوب (گھاس)۳۱
تمہارے فائدے کو اور تمہارے چوپایوں کے۳۲
پھر جب آئے گی وہ کان پھاڑنے والی چنگھاڑ۳۳
اس دن آدمی بھاگے گا اپنے بھائی۳۴
اور ماں اور باپ۳۵
اور جُورو اور بیٹوں سے۳۶
ان میں سے ہر ایک کو اس دن ایک فکر ہے کہ وہی اسے بس ہے۳۷
کتنے منہ اس دن روشن ہوں گے۳۸
ہنستے خوشیاں مناتے۳۹
اور کتنے مونہوں پر اس دن گرد پڑی ہوگی۴۰
ان پر سیاہی چڑھ رہی ہے۴۱
یہ وہی ہیں کافر بدکار۴۲