بیشک ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف بھیجا کہ ان کو ڈرا اس سے پہلے کہ ان پر دردناک عذاب آئے | ۱ |
اس نے فرمایا اے میری قوم! میں تمہارے لیے صریح ڈر سنانے والا ہوں | ۲ |
کہ اللہ کی بندگی کرو اور اس سے ڈرو اور میرا حکم مانو | ۳ |
وہ تمہارے کچھ گناہ بخش دے گا اور ایک مقرر میعاد تک تمہیں مہلت دے گا بیشک اللہ کا وعدہ جب آتا ہے ہٹایا نہیں جاتا کسی طرح تم جانتے | ۴ |
عرض کی اے میرے رب! میں نے اپنی قوم کو رات دن بلایا | ۵ |
تو میرے بلانے سے انہیں بھاگنا ہی بڑھا | ۶ |
اور میں نے جتنی بار انہیں بلایا کہ تو ان کو بخشے انہوں نے اپنے کانوں میں انگلیاں دے لیں اور اپنے کپڑے اوڑھ لیے اور ہٹ کی اور بڑا غرور کیا | ۷ |
پھر میں نے انہیں علانیہ بلایا | ۸ |
پھر میں نے ان سے با علان بھی کہا اور آہستہ خفیہ بھی کہا | ۹ |
تو میں نے کہا اپنے رب سے معافی مانگو وہ بڑا معاف فرمانے والا ہے | ۱۰ |