| قلم اور ان کے لکھے کی قسم | ۱ |
| تم اپنے رب کے فضل سے مجنون نہیں | ۲ |
| اور ضرور تمہارے لیے بے انتہا ثواب ہے | ۳ |
| اور بیشک تمہاری خُو بُو (خُلق) بڑی شان کی ہے | ۴ |
| تو اب کوئی دم جاتا ہے کہ تم بھی دیکھ لو گے اور وہ بھی دیکھ لیں گے | ۵ |
| کہ تم میں کون مجنون تھا | ۶ |
| بیشک تمہارا رب خوب جانتا ہے جو اس کی راہ سے بہکے، اور وہ خوب جانتا ہے جو راہ پر ہے | ۷ |
| تو جھٹلانے والوں کی بات نہ سننا | ۸ |
| وہ تو اس آرزو میں ہیں کہ کسی طرح تم نرمی کرو تو وہ بھی نرم پڑجائیں | ۹ |
| اور ہر ایسے کی بات نہ سننا جو بڑا قسمیں کھانے والا ذلیل | ۱۰ |
| بہت طعنے دینے والا بہت اِدھر کی اُدھر لگاتا پھرنے والا | ۱۱ |
| بھلائی سے بڑا روکنے والا حد سے بڑھنے والا گنہگار | ۱۲ |
| درشت خُو اس سب پر طرہ یہ کہ اس کی اصل میں خطا | ۱۳ |
| اس پر کہ کچھ مال اور بیٹے رکھتا ہے | ۱۴ |
| جب اس پر ہماری آیتیں پڑھی جائیں کہتا ہے کہ اگلوں کی کہانیاں ہیں | ۱۵ |