اللہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، اور وہی عزت و حکمت والا ہے | ۱ |
اے ایمان والو کیوں کہتے ہو وہ جو نہیں کرتے | ۲ |
کیسی سخت ناپسند ہے اللہ کو وہ بات کہ وہ کہو جو نہ کرو | ۳ |
بیشک اللہ دوست رکھتا ہے انہیں جو اس کی راہ میں لڑتے ہیں پرا (صف) باندھ کر گویا وہ عمارت ہیں رانگا پلائی (سیسہ پلائی دیوار) | ۴ |
اور یاد کرو جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا، اے میری قوم مجھے کیوں ستاتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف اللہ کا رسول ہوں پھر جب وہ ٹیڑھے ہوئے اللہ نے ان کے دل ٹیڑھے کردیے اور اللہ فاسق لوگوں کو راہ نہیں دیتا | ۵ |