SURAH-AL-TUR 052_015_031

تو کیا یہ جادو ہے یا تمہیں سوجھتا نہیں۱۵
اس میں جاؤ اب چاہے صبر کرو یا نہ کرو، سب تم پر ایک سا ہے تمہیں اسی کا بدلہ جو تم کرتے تھے۱۶
بیشک پرہیزگار باغوں اور چین میں ہیں۱۷
اپنے رب کے دین پر شاد شاد اور انہیں ان کے رب نے آگ کے عذاب سے بچالیا۱۸
کھاؤ اور پیو خوشگواری سے صِلہ اپنے اعمال کا۱۹
تختوں پر تکیہ لگائے جو قطار لگا کر بچھے ہیں اور ہم نے انہیں بیاہ دیا بڑی آنکھوں والی حوروں سے۲۰
اور جو ایمان لائے اور ان کی اولاد نے ایمان کے ساتھ ان کی پیروی کی ہم نے ان کی اولاد ان سے ملادی اور ان کے عمل میں انہیں کچھ کمی نہ دی سب آدمی اپنے کیے میں گرفتار ہیں۲۱
اور ہم نے ان کی مدد فرمائی میوے اور گوشت سے جو چاہیں۲۲
ایک دوسرے سے لیتے ہیں وہ جام جس میں نہ بیہودگی اور گنہگاری۲۳
اور ان کے خدمت گار لڑکے ان کے گرد پھریں گے گویا وہ موتی ہیں چھپا کر رکھے گئے۲۴
اور ان میں ایک نے دوسرے کی طرف منہ کیا پوچھتے ہوئے۲۵
بولے بیشک ہم اس سے پہلے اپنے گھروں میں سہمے ہوئے تھے۲۶
تو اللہ نے ہم پر احسان کیا اور ہمیں لُو کے عذاب سے بچالیا۲۷
بیشک ہم نے اپنی پہلی زندگی میں اس کی عبادت کی تھی، بیشک وہی احسان فرمانے والا مہربان ہے۲۸
تو اے محبوب! تم نصیحت فرماؤ کہ تم اپنے رب کے فضل سے نہ کاہن ہو نہ مجنون۲۹
یا کہتے ہیں یہ شاعر ہیں ہمیں ان پر حوادثِ زمانہ کا انتظارہے۳۰
تم فرماؤ انتظار کیے جاؤ میں بھی تمہارے انتظار میں ہوں۳۱