اور بیشک عیسی ٰ قیامت کی خبر ہے تو ہرگز قیامت میں شک نہ کرنا اور میرے پیرو ہونا یہ سیدھی راہ ہے | ۶۱ |
اور ہرگز شیطان تمہیں نہ روک دے بیشک وہ تمہارا کھلا دشمن ہے | ۶۲ |
اور جب عیسیٰ روشن نشانیاں لایا اس نے فرمایا میں تمہارے پاس حکمت لے کر آیا اور اس لیے میں تم سے بیان کردوں بعض وہ باتیں جن میں تم اختلاف رکھتے ہو تو اللہ سے ڈرو اور میرا حکم مانو | ۶۳ |
بیشک اللہ میرا رب اور تمہارا رب تو اسے پوجو، یہ سیدھی راہ ہے | ۶۴ |
پھر وہ گروہ آپس میں مختلف ہوگئے تو ظالموں کی خرابی ہے ایک درد ناک دن کے عذاب سے | ۶۵ |
کاہے کے انتظار میں ہیں مگر قیامت کے کہ ان پر اچانک آجائے اور انہیں خبر نہ ہو | ۶۶ |
گہرے دوست اس دن ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے مگر پرہیزگار | ۶۷ |
ان سے فرمایا جائے گا اے میرے بندو آج نہ تم پر خوف نہ تم کو غم ہو | ۶۸ |
وہ جو ہماری آیتوں پر ایمان لائے اور مسلمان تھے | ۶۹ |
داخل ہو جنت میں تم اور تمہاری بیبیاں اور تمہاری خاطریں ہوتیں | ۷۰ |
ان پر دورہ ہوگا سونے کے پیالوں اور جاموں کا اور اس میں جو جی چاہے اور جس سے آنکھ کو لذت پہنچے اور تم اس میں ہمیشہ رہو گے | ۷۱ |
اور یہ ہے وہ جنت جس کے تم وارث کیے گئے اپنے اعمال سے | ۷۲ |
تمہارے لیے اس میں بہت میوے ہیں کہ ان میں سے کھاؤ | ۷۳ |