اور اس کی نشانیوں سے ہیں دریا میں چلنے والیاں جیسے پہاڑیاں | ۳۲ |
وہ چاہے تو ہوا تھما دے اس کی پیٹھ پر ٹھہری رہ جائیں بیشک اس میں ضرور نشانیاں ہیں ہر بڑے صابر شاکر کو | ۳۳ |
یا انہیں تباہ کردے لوگوں کے گناہوں کے سبب اور بہت معاف فرمادے | ۳۴ |
اور جان جائیں وہ جو ہماری آیتوں میں جھگڑتے ہیں، کہ انہیں کہیں بھا گنے کی جگہ نہیں | ۳۵ |
تمہیں جو کچھ ملا ہے وہ جیتی دنیا میں برتنےکا ہے اور وہ جو اللہ کے پاس ہے بہتر ہے اور زیادہ باقی رہنے والا ان کے لیے جو ایمان لائے اور اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں | ۳۶ |
اور وہ جو بڑے بڑے گناہوں اور بے حیائیوں سے بچتے ہیں اور جب غصہ آئے معاف کردیتے ہیں | ۳۷ |
اور وہ جنہوں نے اپنے رب کا حکم مانا اور نماز قائم رکھی اور ان کا کام ان کے آپس کے مشورے سے ہے اور ہمارے دیے سے کچھ ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں | ۳۸ |
اور وہ کہ جب انہیں بغاوت پہنچے بدلہ لیتے ہیں | ۳۹ |
اور برائی کا بدلہ اسی کی برابر برائی ہے تو جس نے معاف کیا اور کام سنوارا تو اس کا اجر اللہ پر ہے، بیشک وہ دوست نہیں رکھتا ظالموں کو | ۴۰ |
اور بے شک جس نے اپنی مظلو می پر بدلہ لیا ان پر کچھ مواخذہ کی راه نہیں | ۴۱ |
مواخذہ تو انہیں پر ہے جو لوگوں پر ظلم کرتے ہیں اور زمین میں ناحق سرکشی پھیلاتے ہیں ان کے لیے دردناک عذاب ہے | ۴۲ |
اور بیشک جس نے صبر کیا اور بخش دیا تو یہ ضرور ہمت کے کام ہیں | ۴۳ |
اور جسے اللہ گمراہ کرے اس کا کوئی رفیق نہیں اللہ کے مقابل اور تم ظالموں کو دیکھو گے کہ جب عذاب دیکھیں گے کہیں گے کیا واپس جانے کا کوئی راستہ ہے | ۴۴ |