SURAH AL-SAFFAT 037_001_024

قسم ان کی کہ باقاعدہ صف باندھیں۱
پھر ان کی کہ جھڑک کر چلائیں۲
پھر ان جماعتوں کی، کہ قرآن پڑھیں۳
بیشک تمہارا معبود ضرور ایک ہے۴
مالک آسمانوں اور زمین کا اور جو کچھ ان کے درمیان ہے اور مالک مشرقوں کا۵
اور بیشک ہم نے نیچے کے آسمان کو تاروں کے سنگھار سے آراستہ کیا۶
اور نگاہ رکھنے کو ہر شیطان سرکش سے۷
عالم بالا کی طرف کان نہیں لگاسکتے اور ان پر ہر طرف سے مار پھینک ہوتی ہے۸
انہیں بھگانے کو اور ان کے لیے ہمیشہ کا عذاب۹
مگر جو ایک آدھ بار اُچک لے چلا تو روشن انگار اس کے پیچھے لگا۱۰
تو ان سے پوچھو کیا ان کی پیدائش زیادہ مضبوط ہے یا ہماری اور مخلوق آسمانوں اور فرشتوں وغیرہ کی بیشک ہم نے ان کو چپکتی مٹی سے بنایا۱۱
بلکہ تمہیں اچنبھا آیا اور وہ ہنسی کرتے ہیں۱۲
اور سمجھائے نہیں سمجھتے۱۳
اور جب کوئی نشانی دیکھتے ہیں ٹھٹھا کرتے ہیں۱۴
اور کہتے ہیں یہ تو نہیں مگر کھلا جادو۱۵
کیا جب ہم مر کر مٹی اور ہڈیاں ہوجائیں گے کیا ہم ضرور اٹھائے جائیں گے۱۶
اور کیا ہمارے اگلے باپ دادا بھی۱۷
تم فرماؤ ہاں یوں کہ ذلیل ہو کے۱۸
تو وہ تو ایک ہی جھڑک ہے جبھی وہ دیکھنے لگیں گے۱۹
اور کہیں گے ہائے ہماری خرابی ان سے کہا جائے گا یہ انصاف کا دن ہے۲۰
یہ ہے وہ فیصلے کا دن جسے تم جھٹلاتے تھے۲۱
ہانکو ظالموں اور ان کے جوڑوں کو اور جو کچھ وہ پوجتے تھے۲۲
اللہ کے سوا، ان سب کو ہانکو راہِ دوزخ کی طرف۲۳
اور انہیں ٹھہراؤ ان سے پوچھنا ہے۲۴