الم | ۱ |
یہ حکمت والی کتاب کی آیتیں ہیں | ۲ |
ہدایت اور رحمت ہیں نیکوں کے لیے | ۳ |
وہ جو نماز قائم رکھیں اور زکوٰة دیں اور آخرت پر یقین لائیں | ۴ |
وہی اپنے رب کی ہدایت پر ہیں اور انہیں کا کام بنا | ۵ |
اور کچھ لوگ کھیل کی باتیں خریدتے ہیں کہ اللہ کی راہ سے بہکادیں بے سمجھے اور اسے ہنسی بنالیں، ان کے لیے ذلت کا عذاب ہے | ۶ |
اور جب اس پر ہماری آیتیں پڑھی جائیں تو تکبر کرتا ہوا پھرے جیسے انہیں سنا ہی نہیں جیسے اس کے کانوں میں ٹینٹ (روئی کا پھایا) ہے تو اسے دردناک عذاب کا مژدہ دو | ۷ |
بیشک جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے ان کے لیے چین کے باغ ہیں | ۸ |
ہمیشہ ان میں رہیں گے، اللہ کا وعدہ ہے سچا، اور وہی عزت و حکمت والا ہے | ۹ |
اس نے آسمان بنائے بے ایسے ستونوں کے جو تمہیں نظر آئیں اور زمین میں ڈالے لنگر کہ تمہیں لے کر نہ کانپے اور اس میں ہر قسم کے جانور پھیلائے، اور ہم نے آسمان سے پانی اتارا تو زمین میں ہر نفیس جوڑا اگایا | ۱۰ |
یہ تو اللہ کا بنایا ہوا ہے مجھے وہ دکھاؤ جو اس کے سوا اوروں نے بنایا بلکہ ظالم کھلی گمراہی میں ہیں | ۱۱ |