یہ آیتیں ہیں قرآن اور روشن کتاب کی | ۱ |
ہدایت اور خوشخبری ایمان والوں کو | ۲ |
وہ جو نماز برپا رکھتے ہیں اور زکوٰة دیتے ہیں اور وہ آخرت پر یقین رکھتے ہیں | ۳ |
وہ جو آخرت پر ایمان نہیں لاتے ہم نے ان کے کوتک (برے اعمال) ان کی نگاہ میں بھلے کر دکھائے ہیں | ۴ |
تو وہ بھٹک رہے ہیں یہ وہ ہیں جن کے لیے برا عذاب ہے اور یہی آخرت میں سب سے بڑھ کر نقصان میں | ۵ |
اور بیشک تم قرآن سکھائے جاتے اور حکمت والے علم والے کی طرف سے | ۶ |
جب کہ موسیٰ نے اپنی گھر والی سے کہا مجھے ایک آگ نظر پڑی ہے عنقریب میں تمہارے پاس اس کی کوئی خبر لاتا ہوں یا اس میں سے کوئی چمکتی چنگاری لاؤں گا کہ تم تاپو | ۷ |
پھر جب آگ کے پاس آیا ندا کی گئی کہ برکت دیا گیا وہ جو اس آگ کی جلوہ گاہ میں ہے یعنی موسیٰ اور جو اس کے آس پاس میں یعنی فرشتے اور پاکی ہے اللہ کو جو رب ہے سارے جہان کا | ۸ |
اے موسیٰ بات یہ ہے کہ میں ہی ہوں اللہ عزت والا حکمت والا | ۹ |
اور اپنا عصا ڈال دے پھر موسیٰ نے اسے دیکھا لہراتا ہوا گویا سانپ ہے پیٹھ پھیر کر چلا اور مڑ کر نہ دیکھا، ہم نے فرمایا اے موسیٰ ڈر نہیں، بیشک میرے حضور رسولوں کو خوف نہیں ہوتا | ۱۰ |
ہاں جو کوئی ز یادتی کرے پھر برائی کے بعد بھلائی سے بدلے تو بیشک میں بخشنے والا مہربان ہوں | ۱۱ |
اور اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال نکلے گا سفید چمکتا بے عیب نو نشانیوں میں فرعون اور اس کی قوم کی طرف، بیشک وہ بے حکم لوگ ہیں | ۱۲ |
پھر جب ہماری نشانیاں آنکھیں کھولتی ان کے پاس آئیں بولے یہ تو صریح جادو ہے | ۱۳ |