SURAH AL-SHUARA 026_061_083

پھر جب آمنا سامنا ہوا دونوں گروہوں کا موسیٰ والوں نے کہا ہم کو انہوں نے آلیا۶۱
موسیٰ نے فرمایا یوں نہیں بیشک میرا رب میرے ساتھ ہے وہ مجھے اب راہ دیتا ہے۶۲
تو ہم نے موسیٰ کو وحی فرمائی کہ دریا پر اپنا عصا مار تو جبھی دریا پھٹ گیا تو ہر حصہ ہوگیا جیسے بڑا پہاڑ۶۳
اور وہاں قریب لائے ہم دوسروں کو۶۴
اور ہم نے بچالیا موسیٰ اور اس کے سب ساتھ والوں کو۶۵
پھر دوسروں کو ڈبو دیا۶۶
بیشک اس میں ضرور نشانی ہے اور ان میں اکثر مسلمان نہ تھے۶۷
اور بیشک تمہارا رب وہی عزت والا مہربان ہے۶۸
اور ان پر پڑھو خبر ابراہیم کی۶۹
جب اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے فرمایا تم کیا پوجتے ہو۷۰
بولے ہم بتوں کو پوجتے ہیں پھر ان کے سامنے آسن مارے رہتے ہیں۷۱
فرمایا کیا وہ تمہاری سنتے ہیں جب تم پکارو۷۲
یا تمہارا کچھ بھلا برا کرتے ہیں۷۳
بولے بلکہ ہم نے اپنے باپ دادا کو ایسا ہی کرتے پایا۷۴
فرمایا تو کیا تم دیکھتے ہو یہ جنہیں پوج رہے ہو۷۵
تم اور تمہارے اگلے باپ دادا۷۶
بیشک وہ سب میرے دشمن ہیں مگر پروردگار عالم۷۷
وہ جس نے مجھے پیدا کیا تو وہ مجھے راہ دے گا۷۸
اور وہ جو مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے۷۹
اور جب میں بیمار ہوں تو وہی مجھے شفا دیتا ہے۸۰
اور وہ مجھے وفات دے گا پھر مجھے زندہ کرے گا۸۱
اور وہ جس کی مجھے آس لگی ہے کہ میری خطائیں قیامت کے دن بخشے گا۸۲
اے میرے رب مجھے حکم عطا کر اور مجھے ان سے ملادے جو تیرے قرب خاص کے سزاوار ہیں۸۳