SURAH AL-MOMINOON 023_001_017

بیشک مراد کو پہنچے ایمان والے۱
جو اپنی نماز میں گڑگڑاتے ہیں۲
اور وہ جو کسی بیہودہ بات کی طرف التفات نہیں کرتے۳
اور وہ کہ زکوٰة دینے کا کام کرتے ہیں۴
اور وہ جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۵
مگر اپنی بیبیوں یا شرعی باندیوں پر جو ان کے ہاتھ کی مِلک ہیں کہ ان پر کوئی ملامت نہیں۶
تو جو ان دو کے سوا کچھ اور چاہے وہی حد سے بڑھنے والے ہیں۷
اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی رعایت کرتے ہیں۸
اور وہ جو اپنی نمازوں کی نگہبانی کرتے ہیں۹
یہی لوگ وارث ہیں۱۰
کہ فردوس کی میراث پائیں گے، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۱۱
اور بیشک ہم نے آدمی کو چنی ہوئی (انتخاب کی) مٹی سے بنایا۱۲
پھر اسے پانی کی بوند کیا ایک مضبوط ٹھہراؤ میں۱۳
پھر ہم نے اس پانی کی بوند کو خون کی پھٹک کیا پھر خون کی پھٹک کو گوشت کی بوٹی پھر گوشت کی بوٹی کو ہڈیاں پھر ان ہڈیوں پر گوشت پہنایا، پھر اسے اور صورت میں اٹھان دی تو بڑی برکت والا ہے اللہ سب سے بہتر بتانے والا۱۴
پھر اس کے بعد تم ضرور مرنے والے ہو۱۵
پھر تم سب قیامت کے دن اٹھائے جاؤ گے۱۶
اور بیشک ہم نے تمہارے اوپر سات راہیں بنائیں اور ہم خلق سے بے خبر نہیں۱۷